|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پانامہ کیس کا فیصلہ جلد سنائے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔

اگر خدا نخواستہ میں نا اہل ہوا تو یہ بہت چھوٹی قیمت ہو گی۔ نواز شریف کی ن ااہلی کا فیصلہ آیا تو اسلام آباد میں تاریخی جشن بنے گا۔ میرے چند لاکھ کے فلیٹ کو اربوں روپے کے فلیٹ سے ملا کر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہاہے۔ پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔ پورا ملک اس فیصلے کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔ ملک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

ہماری عدالت سے درخواست ہے کہ فیصلہ جلد سنایا جائے تاکہ قوم آگے بڑھ سکے۔ بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری حکومت وزیراعظم کی کرپشن چھپانے میں لگی ہوئی ہے۔ یہ عوام کو 30سال سے بے وقوف بنا رہے ہیں۔

لوگوں کو خریدنے کے لئے پیسہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں اتنا بڑا حادثہ ہوا اور وزیراعظم مالدیپ چلے گئے ۔ کئی ممالک نے وزیراعظم نواز شریف کو دعوت دے کر منسوخ کر دی۔ ان ملکوں کو پتہ ہے کہ نواز شریف پر کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں 24سال کی عمر سے کرکٹ کھیل رہا ہوں۔ صرف میں نہیں میرے ساتھ کھیلنے والے سارے کھلاڑیوں کے انگلینڈ میں فلیٹ تھے۔ دنیا کا نمبر1آل راؤنڈر 11سال کرکٹ کھیل کر 60لاکھ روپے کا فلیٹ خریدا جاتا ہ۔ میرے باہر کمائے پیسے پر اس ملک میں ٹیکس لگتا تھا لیکن اس نے کچھ نہیں کیا۔ فلیٹ لینے کی منی ٹریل جو ناممکن تھی وہ بھی میں نے دکھا دی۔

میں نے پیسہ باہر کمایا اس میں کون سی غیر قانونی چیز تھی؟ ان کا شکریہ میں نے40سال کی منی ٹریل ڈھونڈ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کام کسی کو بچانا نہیں ہے میڈیا کا کام جمہوریت بچانا ہے۔ مافیا کے خلاف کھڑے ہونیو الے میڈیا ہاؤسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ایک میڈیا ہاؤس نواز شریف کی کرپشن بچا رہا ہے کبھی کسی نے سنا ہے کہ کسی وزیراعظم نے دبئی کا اقامہ لیا ہو اور بیرون ملک نوکری کر رہا ہو۔ ایک مولانا بھی وزیراعظم کو بچا رہا ہے یہ سارے کرمنل پرائز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے دبئی میں ڈیڈھ، ڈیڈھ ارب کے 2فلیٹ ہیں۔ ایک بیورو کریٹ کا پنڈی میں2ارب کا فلیٹ بن رہا ہے۔ میں فلیٹ بیچ کر پیسہ پاکستان لایا۔ میں نے منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی کبھی کرپشن کی کسی کو کسی جرم پر نا اہل کیا جاتا ہے۔ اگر خدا نخواستہ مجھے نا اہل کیا بھی جاتا ہے تو گاڈ فادر کو بے نقاب کرنے کی یہ بہت چھوٹی قیمت ہو گی۔

میں نے سپریم کورٹ میں ساری منی ٹریل دیدی۔ شریف خاندان نے ایک بھی منی ٹریل نہیں دی۔ ایفی ڈرین کیس پکڑا جانے والا مجھ پر کیس کر رہا ہے۔ اب یہ جہانگیر ترین کو بھی عدلات میں لے آتے ہیں۔ میرا جہانگیر ترین اور علیم خان کا پانامہ میں نام ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جو چیزیں سامنے آئی ہیں لگتا ہے کہ نواز شریف نا اہل ہونے سے کبھی نہیں بچ سکتے نواز شریف مافیا کا ججز پر بہت پریشر ہو گا۔ جس دن نواز شریف نا اہل ہوں گے۔ اسلام آباد میں تاریخی جشن منائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ خورشید شاہ اور پیپلز پارٹی اس وقت بڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ فرینڈلی اپوزیشن سے نکل کر اصل اپوزیشن پر آ گئے ہیں۔