|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں زرعی ترقی کے عظیم منصوبے کچھی کینال کو ڈیرہ بگٹی تک محدود کرنے کے استحصالی فیصلے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

پی ٹی آئی بلوچستان بھر میں احتجاج کرے گی۔ بلوچستا ن کے حکمرانوں نے وسائل کی لوٹ مار اور وفاق کی جانب سے بلوچستان کے استحصال پر ماضی کے حکمرانوں کی طرح خاموشی اختیار کرکے عوامی مفادات کی سودا بازی کردی ہے۔ کرپشن کے باعث بلوچستان ترقی کے بجائے ریگستان بن چکا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ٹی آئی بلوچستان کی سینئر قیادت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار رند نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل سے متعلق خفیہ سودے بازی کا نتیجہ آج اربوں روپے جرمانے کی صورت میں بلوچستان کو ہی ادا کرنا ہے۔

اب ایک بار پھر حکمرانوں نے کچھی کینال پر جیسے سو فیصد کامیابی کے حامل منافع بخش زرعی پیداواری منصوبے کو ڈیرہ بگٹی تک محدود کرکے سینکڑوں خاندانوں کے ذریعہ معاش کی روشن امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کو محدود کرنے کے فیصلے پر خاموش نہیںِ بیٹھیں گے اور صوبے بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔