کوئٹہ: چیف آف جھالاوان وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ہمارے صوبے اور معاشرے کی اعلیٰ اور جاندار روایات جن میں بھائی چارہ ،رواداری، مہمان نوازی اور ایک دوسرے کا احترام شامل ہے ہی ہماری پہچان ہیں۔
ان روایات کو زندہ رکھنا اور مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیراعلیٰ کی کرسی آنی جانی ہے لیکن چیف آف جھالاوان ہونا میرے لئے زیادہ اہمیت کا حامل ہے، ہم سب اقوام اور قبائل کو چائیے کہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز جتک قبیلہ کے نو منتخب سردار ، سردار محمد علی خان جتک کی دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینٹر میر نعمت اللہ زہری، خان آف قلات کے نمائندے پرنس یحییٰ جان احمدزئی، رکن صوبائی اسمبلی پرنس احمد علی بلوچ، سردار اسد خان جتک اور جھالاوان سے تعلق رکھنے والے مختلف قبائل کے معتبرین کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن میرے لئے انتہائی خوشی کا باعث ہے کہ ہم اپنی صدیوں پرانی روایات جو خان نصیر خان نوری کے دور سے چلی آ رہی ہیں کو آگے بڑھا رہے ہیں، سردار اسد خان جتک نے اپنے بیٹے سردار محمد علی خان جتک کو اپنی زندگی میں سردار نامزد کر کے ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔
جس کے ہمارے قبائلی معاشرے پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور اس روایت کو آگے بڑھانے سے قبائلی تنازعات کا خاتمہ ہوگا اور تنازعات کے پرامن حل سے ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا، انہوں نے کہ کہا کہ جتک قبیلے کے سردار کی نامزدگی کافیصلہ سردار اسد خان جتک نے مجھ سے باقاعدہ صلہ و مشورہ اور باہمی مشاورت سے کیا۔
اور مجھے امید ہے کہ نومنتخب سردار اپنے والد اور آباواجداد کے نقش قدم پر چل کرلوگوں کی خدمت کرینگے اور ہمیشہ معاملہ فہمی سے مشکلات اور مسائل حل کرینگے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ انسانوں کو شناخت کے لئے قبیلوں میں تقسیم کیاگیا۔
اورہرقبیلے کے سردار کی ذمہ داری ہے کے وہ لوگوں کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے کام کرے اور اسی طرح لوگوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سردار کا احترام کرتے ہوئے اس سے ہر ممکن تعاون کریں۔
وزیر اعلیٰ نے جتک قبیلے کے نومنتخب سردار کو بحیثیت چیف آف جھالاون اور بلوچستان کے دیگر قبائل و اقوام کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقینی دہانی کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ صدیوں پرانی بلوچ روایات کے مطابق بھائی چارہ اور رواداری کو زندہ رکھتے ہوئے تمام قبائل کے ساتھ شیرو شکر ہو کر رہیں ۔
تقریب سے سینٹر میر نعمت اللہ زہری، خان آف قلات کے نمائندے پرنس یحییٰ جان احمدزئی، رکن صوبائی اسمبلی پرنس احمد علی بلوچ، سردار اسد خان جتک اور سردار محمد علی خان جتک نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں چیف آف جھالاوان وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری، سینٹر میر نعمت اللہ زہری ، جتک اور دیگر قبائل کے معتبرین نے نومنتخب سردار محمد علی خان جتک کی بلوچی روایات کے مطابق دستاربندی کی اور انہیں سردار منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)مضبوط اورمتحد ہے ہم سازشوں سے گھبرانے والے نہیں اورعوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔
ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازشیں ہوئیں ہیں پارٹی مزید مضبوط اورمتحد ہوئی ہے اوراس کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہواہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم لیگ (ن)نصیرآباد کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے سردارشاہنوازعمرانی اورمیراسفندیارجمالی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے مرکزی نائب صدر ملک ارشاد احمداعوان نے وزیراعظم محمدنوازشریف اوروزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کااعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے پارٹی میں شمولیت پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ نصیرآباد ڈویژن مسلم لیگ (ن)کا گڑھ اورہمارادل ہے وہاں کے لوگ مجھے بے حد عزیز ہیں اوروزیراعظم محمدنوازشریف بھی نصیرآباد کے عوام سے خصوصی محبت کرتے ہیں ۔
یہی وجہ ہے کہ نصیرآباد ڈویژن میں سیلاب کے دوران متاثرین کی امدادوبحالی کیلئے وفاقی حکومت اورپنجاب کی حکومت نے بھرپورمعاونت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پارٹی کارکن اورضلعی عہدیدارآئندہ انتخابات کیلئے تیاری شروع کردیں اوراپنے اپنے ضلعوں میں مسلم لیگ (ن) کو مزید فعال اورمتحرک بنائیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہارکیا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)بلوچستان میں بھرپورکامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی ۔اس موقع پر وفد نے صوبے میں پارٹی کو مستحکم بنانے اور صوبے بالخصوص نصیرآباد ڈویژن کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی اورعملی اقدامات پراُن کا شکریہ اداکیا ۔
انہوں نے خاص طور سے وزیراعلیٰ ڈویژنل اورڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کو ضلعوں کی ترقی کی جانب اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کہاکہ ضلع نصیرآباداورضلع جعفرآباد میں پیکج کے تحت ترقیاتی عمل بھرپورطریقے سے جاری ہے اورعوام مثبت تبدیلی محسوس کررہے ہیں ۔
وزارت اعلیٰ نہیں چیف آف جھالاوان ہونا میرے لئے زیادہ اہمیت کا حامل ہے، نواب زہری
وقتِ اشاعت : July 28 – 2017