کوئٹہ: مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے قومی اسمبلی کے حلقہ 120 کی نشست پر ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی رہنما بیگم کلثوم نواز کی جیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تاریخی کامیابی پر بیگم کلثوم نواز، محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام نے بیگم کلثوم نواز کو کامیاب کر کے مسلم لیگ(ن) کے خلاف جاری پروپیگنڈہ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ قوم مسلم لیگ کے ساتھ ہے اور آج بھی مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے باشعور عوام اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ مسلم لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو درپیش دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلا سکتی ہے ، سابق وزیراعظم محمد نوا ز شریف نے ملک کو تعمیر و ترقی کی جس راہ پر گامزن کیا ہے اس کی منزل ایک خوشحال اور ترقیافتہ پاکستان ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد نواز شریف کل بھی عوام کے دلوں میں تھے آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے وہ ہمارے دلوں کے وزیراعظم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ 120 پر مسلم لیگ کی کامیابی حق کی فتح اور ان منفی قوتوں کی شکست ہے جو ایک مرتبہ پھر ملک میں انارکی کی فضاء پیدا کرنا چاہتی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے منفی اور جمہوریت مخالف قوتوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح طور پر بتا دیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی عوام مسلم لیگ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے موثر انتخابی مہم چلانے پر مریم صفدر کوبھی خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود حلقے کے ووٹرز کو متحرک کر کے انہوں نے خود کو ایک اچھے رہنما کے طور پر منوایا ہے۔
بیگم کلثوم نواز کی کامیابی عوام کا ن لیگ پر اعتماد کا مظہر ہے،نواب زہری
![]()
وقتِ اشاعت : September 18 – 2017