بیجنگ: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ 4 سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔
بیجنگ میں انٹر پول جنرل اسمبلی کے 86 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 4 سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں،
چینی قیادت کی بصیرت نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے لہذا امن، استحکام اور سکیورٹی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لیے تعاون کا عزم کیے ہوئے ہے،
عالمی سلامتی کو اس وقت تک یقینی نہیں بنایا جا سکتا جب تک سب کے سلامتی تحفظات کو مدنظر نہ رکھا جائے، دہشت گردی، سائبر کرائم، منشیات کی تجارت اور انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر کا گلوبل سیکورٹی گورننس کا وژن وقت کی ضرورت ہے جب کہ یہ وژن جامع اور شفاف اپروچ کا حامل ہے۔