|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2017

کوئٹہ:  گوادرکے ماسٹرپلان کے لئے چین کے وفد نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایک اجلاس میں شرکت کی۔وفدکی قیادت گوادرکیلئے سی سی سی سی ۔ 

ایف ایچ ڈی آئی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر Mr. Meng Quanquan کررہے تھے جبکہ اُنکے ہمراہ مارکیٹنگ منیجرLing Jianping، نیشنل انجینئرنگ سروسزپاکستان (نیسپاک)کے افسران کے علاوہ صوبائی محکمہ توانائی سے دیگرافسران نے بھی شرکت کیں جبکہ کیسکوکی جانب سے چیف انجینئر(ٹرانسمیشن اینڈگرڈسسٹم)سجاد احمدسیٹھی،چیف انجینئرڈیولپمنٹ چوہدری محمدصدیق ،چیف انجینئرپلاننگ عدنان ریاض میر،ڈائریکٹرجنرل(ایچ آرایڈمن) سید عزیرعلی حسنی اور دیگرافسران بھی اجلاس میں موجودتھے۔اجلاس کامقصد مستقبل میں گوادرکی برقی ضروریات کاجائزہ لیناتھا۔

چیف انجینئر(پلاننگ) کیسکوعدنان ریاض میر نے چینی وفد کوکیسکوکے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ کمپنی میں 7000 ملازمین اور6آپریشن سرکل جبکہ 31اضلاع اور 14آپریشن ڈویژن 5لاکھ90ہزارصارفین کو بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کام کررہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت کیسکومختلف ذرائع سے بجلی حاصل کررہی ہے جن میں گدو۔اوچ ۔سبی ۔حبیب اللہ کوسٹل ۔تھرمل پاؤر 220KVدادو۔خضدار، ڈیرہ غازی خان۔لورالائی شامل ہیں۔علاوہ ازیں مستقبل کی ضروریات کو پوری کرنے کے لئے کئی منصوبے بھی زیرغور ہیں۔ جن میں انتہائی اہمیت کے حامل گوادرپراجیکٹ کو نیشنل گرڈسے منسلک کرنے کے لئے پی سی ۔ ون (PC-1) حکومت پاکستان کوارسال کیا جاچکاہے۔

علاوہ ازیں مکران میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے کئی گرڈسٹیشنز زیرتعمیرہیں جن میں اورماڑہ،ڈیپ سی پورٹ اورجیوانی گرڈسٹیشن پرکام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مکران کو نیشنل گرڈنیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے بھی کام جاری ہے۔

چیف انجینئر پلاننگ کیسکونے مزیدکہاکہ سسٹم میں مزیدبہتری اوروولٹیج کی کمی پر قابوپانے کیلئے دیگرنئے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں جن میں نئے گرڈسٹیشنز،ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کے منصوبوں کیلئے بہت سے موزوں مقامات موجود ہیں مذکورہ مقامات پر نئے منصوبے شروع کرکے بجلی کے قلت پر قابوپایاجاسکتاہے۔

اجلاس میں گوادرشہرمیں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ Mr. Meng Quanquan نے گوادر کوبجلی کی فراہمی کے لئے کیسکوکی کاوشوں کوسراہا۔