|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2017

کوئٹہ: کراچی میں مقیم چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے کہا ہے قلم کی حرمت سے انکار نہیں کیا جاسکتا پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے میں دونوں اطراف سے صحافت کا کردار ہمیشہ کی طرح انتہائی مثبت اور موثر رہا ہے ۔بلوچستان 

کی ترقی و خوشحالی میں صحافت اپنا کردار ادا کررہی ہے ہمیں اُمید ہے کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ کے صحافی پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ 

یہ بات اُنہوں نے کراچی میں کوئٹہ پریس کلب کیلئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا چیک صدر پریس کلب رضا الرحمان کے حوالے کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر نائب قونصل جنرل ایکسوڈنگ ، صدر بلوچستان اکنامک فورم سردار شوکت پوپلزئی اور سینئر صحافی و سابق صدر پریس کلب شہزادہ ذوالفقار بھی موجود تھے۔ چینی قونصل جنرل وانگ یو نے کہا کہ پاکستان اورچین کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے ماضی میں جہاں ملک کی صحافت نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ۔

وہاں دانشوروں اور ادیبوں سمیت دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس میں اپنا کردار ہمیشہ ادا کیا ہے اور ہم اُمید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی وہ یہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔ 

اُنہوں نے کوئٹہ پریس کلب کو دی گئی گرانٹ کے حوالے سے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ یہ رقم کوئٹہ پریس کلب کے صحافیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر خرچ ہوگی ۔اس موقع پر صدر کوئٹہ پریس کلب رضا الرحمان نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ یہ گرانٹ کوئٹہ پریس کلب کے ممبران کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

اُنہوں نے چین کے قونصل جنرل کو کوئٹہ پریس کلب آنے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے اُنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جب بھی کوئٹہ آئے تو اس دعوت پر ضرور کوئٹہ پریس کلب کا دورہ کریں گے۔