کو ئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین نے پشتونوں کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحد ہوئے بغیر موجودہ حالات اور درپیش مسائل کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔
قوم اور مذہب کا نام لینے والوں نے ذاتی مفادات کے لئے اجتماعی مفادات کو گروی رکھ دیاہم زئی اور خیلی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ زئی اور خیلی سے بالا تر ہوکر پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ۔
ہر طرح کے مسائل مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود ہم نے حق اور سچ کا ساتھ نہیں چھوڑا کل بھی حق اور سچ کی بات کی آج بھی حق اور سچ کی بات کررہے ہیں او ر آنے والے کل میں بھی حق اور سچ ہی کی بات کریں گے ۔
ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نواب ارباب عبدالظاہر کاسی ،صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ،ملک امین اللہ کاکڑایڈووکیٹ ، لالا خان مسے زئی، حمیداللہ مسے زئی اور دیگر رہنماؤں نے میزئی اڈہ میں ملک عصمت اللہ کاکڑ کی رہائش گاہ پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی زئی ، خیلی ،تعصب اور نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہم اس عمل کو علاقے اور اقوام کی تباہی و بربادی کا ذریعہ سمجھتے ہیں ہم ہر طرح کے ذاتی ،گروہی اور قبیلوی مفادات سے بالا تر ہو کر پوری قوم کی بات کرتے ہیں ۔
ہمارا دشمن انتہائی چالاک اور مکار ہے جس نے ہمارے حقوق غصب کر رکھے ہیں اور اس مقصد کے لئے ہمارے اند ر سے چند ناعاقبت اندیش لوگوں کو ساتھ ملا کر ہم پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے ہمیں چالاک دشمن کی مکاریوں پر کڑی نظر رکھنی ہوگی ۔
بار بار کی غلطیاں اور ہیجان انگیزی ہماری تباہی اور بربادی کا ذریعہ بن سکتا ہے اس لئے ہمیں مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے دشمن پر کڑی نظر رکھتے ہوئے اتحاد اتفاق اور یکجہتی کے ساتھ دشمن کی ہر چال کوناکام بنانا ہوگا۔
مقررین نے کہا کہ اسلام کے مقدس نام پر دوغلی سیاست اور نام نہاد قوم پرستی کی آڑ میں قوم کے جذبات سے کھیلنے والے اقتدار تک رسائی حاصل کرنے کے بعد سب کچھ بھول گئے ہیں رائیونڈ کی وفاداری میں اسلام کے نام لیواؤں کے جذبات ختم نبوت جیسے حساس اور اہم معاملے پر بھی جوش میں نہیں آئے لوگوں نے پنجاب کی بالادستی کا خاتمہ کرنے کے دعوے کئے مگر اب خود اس کے اتحادی بن کر سب کچھ بھول گئے ہیں ۔
ان کا یہ خیال ہے کہ پشتونوں کے حافظے سے یہ سب کچھ مٹ جائے گا ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ آپ کی دوغلی سیاست پشتون کے حافظے میں محفوظ ہوچکی ہے اور اس کا اصل چہرہ پشتونوں پر عیاں ہوچکا ہے اب آپ مزید نعرے لگا کر کسی کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے عوامی نیشنل پارٹی نے کل بھی کردار ادا کیا آج بھی صف اول میں موجود ہے اور آنے والے کل میں بھی ہم اپنی جگہ پر چٹان کی طرح مضبوط کھڑے رہیں گے ۔
غیور پشتون اولس کی ترقی و خوشحالی کے لئے فکر باچاخان ہی اصل راستہ ہے 27اکتوبر کا جلسہ پشتون افغان ملت کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے ملی مشر اسفندیار ولی خان تاریخی خطاب کریں گے تمام قوم دوست وطن دوست او غیور اولس سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ۔