|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2017

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے ، کنٹینر کے پیچھے چھپی ہوئی ہے ، موجودہ قیادت ناکام ہوچکی ہے ان کے پاس کوئی وژن اور نہ کوئی منصوبہ ہے۔

اس نے پاکستان کے جغرافیہ کو خطرے میں ڈال دیا ہے ، پاناما پیپرز میں شامل لوگوں کا احتساب سپریم کورٹ کا امتحان ہے ۔ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی سے ایک ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو ئے ،حکومت اس سازش کے پیچھے چھپے عناصر کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔‘

تعمیر پاکستان میں خواتین کا کردار ‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے جماعت اسلامی خوتین پاکستان کی ناظمہ ڈاکٹر دردانہ صدیقی،صوبائی ناظمہ سابق ایم پی اے ثمینہ سعید ،کوئٹہ کی ناظمہ آسمہ اسد،ڈاکٹرشگفتہ اقبال،شہنازجمالی ،نگہت شیخ،فائزہ میر ،بی بی ایفتہ،لبنیٰ فرانسزودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ 

سیمینار میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ڈاکٹرشگفتہ اقبال پرنسپل جناح ٹاؤن کالج،نگہت خان ،فائزہ میر ،لبنیٰ فرانسز،رخسانہ شیخ ،شہنازجمالی ایڈوکیٹ ودیگرخواتین نے جماعت اسلامی خواتین میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کی شقیں تو بحال ہو گئیں مگر حکومت نے سازش میں ملوث افراد کو سامنے نہیں لایا حکومت با اثر افراد کو بچانا چاہتی ہے سازش میں اگر وزیر قانون ملوث ہیں تو فوری کاروائی کی جائے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ پانامہ کیس میں شامل تما م چار سو چھتیس لوگوں کے احتساب کیلئے انہوں نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر رکھی ہے اب یہ سپریم کورٹ کا امتحان ہے نوازشریف کے علاوہ دیگر افراد کا احتساب کیا جائے۔ 

سپریم کورٹ سے استدعاہے کہ جس طرح نوازشریف کو سزا ہوئی ، اسی طرح پانامہ سکینڈل میں ملوث دیگر 436 لوگوں کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور ان کی کرپشن کی تحقیقات کے لیے بھی جے آئی ٹی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت ناکام ہو چکی ہے اور اس نے پاکستان کے جغرافیہ کو بھی خطرے میں ڈال دیاہے ۔ حکومت کنٹینر کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے مگر اس سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہورہے ہیں ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اربوں روپے خرچ کر کے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے عوام پر ٹیکس لگاتے اور ظالمانہ بل وصول کرتے ہیں اور پھر کھربوں کی کرپشن کر کے دولت کو بیرون ملک منتقل کر دیتے ہیں ۔ نیب نے اگر لٹیروں کو نہیں پکڑنا تو وہ کس مرض کی دوا ہے ۔

نیب کے پاس 150 سے زائد کرپشن کے میگاسکینڈلز ہیں ، ان کو کھولا جائے تاکہ بڑے مگر مچھوں کا بھی احتساب ہوسکے ۔ راجہ ظفر الحق مجرموں کو چھپانے کی بجائے اللہ کے لیے گواہی دیں اگر وزیر قانون ختم نبوت فارم سے حلف نامہ ختم کرنے کی سازش میں ملوث ہے تو اسے فارغ کیا جائے اور سزا دی جائے یہ اسلام آباد اور پنڈی میں بیٹھے لوگوں کا نہیں پوری قوم کا مطالبہ ہے ۔

اسلام آباد اور پنڈی کے عوام کی پریشانیوں کی اصل ذمہ دار حکومت ہے جو وعدے کے باوجود 28 دن گزر نے کے بعد بھی ختم نبوت کے فارم سے حلف نامہ نکالنے کے مجرموں کو سامنے نہیں لائی ۔

سینیٹرسر الحق نے کہاکہ خواتین کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو بھی حکومت میں آتاہے ، اس کے بینک بیلنس میں بے پناہ اضافہ ہوجاتاہے ۔ اندرون و بیرون ملک عالی شان بنگلے اور محل بنا لیتے ہیں ان سے کوئی نہیں پوچھتا کہ انہیں قارون کا خزانہ کہاں سے ملاہے ۔ 

انہوں نے کہاکہ حکومت میں آنے والے عالمی سامراجی قوتوں کے غلام اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار عوام کا استحصال کرتے ہیں ، قومی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں اور پھر اسی لوٹی دولت کو خرچ کر کے دوبارہ اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔

70 سال سے عوام کے ساتھ یہی گھناؤنا کھیل کھیلا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم چوہدریوں ، وڈیروں اور جاگیرداروں کے ظلم و جبر پرمبنی اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے ہیں ۔ ہمارے نزدیک عام آدمی کے استحصال کا یہ نظام مردہ باد ہے ۔

ہم صرف اللہ اور اس کے رسول ؐ کے عدل و انصاف کے نظام کو زندہ باد کہتے ہیں اور اسی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صرف قرآن و سنت کا نظام ہی ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتاہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج کی نام نہاد جمہوریت عوام کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے ۔ غریب عوام کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے قومی وسائل پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں ۔

غریب عوام تعلیم ، صحت ، روزگار اور چھت جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔ حکمران مغربی تہذیب کو عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں اور قوم کے اندر صوبائی ، مسلکی اور لسانی تعصبات کی نفرتیں پھیلا کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔

عالمی سامراج ہمارے خاندانی نظام کو توڑ نے اور اپنی تہذیب کو مسلط کرنے کے لیے خواتین کے ماں ، بہن اور بیٹی کے مقدس رشتوں کو پامال کرناچاہتاہے لیکن ہم ان رشتوں کو تحفظ دیں گے اور اپنے خاندانی نظام کو مضبوط کریں گے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اسلام کے غلبہ کے لیے خواتین نے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کیں ۔ خواتین ہجرت کے سفر اور بدر ، حنین اور احد کے معرکوں میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھیں ۔ قیام پاکستان میں خواتین نے قائدانہ کردار ادا کیا ۔ 

جماعت اسلامی ملک میں خواتین کی شرکت کے حوالے سے سب سے بڑی جماعت ہے ہمارے شعبہ خواتین کی اس سال کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں دس لاکھ سے زائد خواتین نے ہمارے پروگرامات میں شرکت کی۔ 

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی پاسبان ہے ملک میں جاری معاشرتی ظلم و جبر کے خاتمہ کے لیے خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے جو خواتین کے بھر پور تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سیکولر اور لبرل اسٹیٹ دیکھنے کی خواہاں سامراجی قوتیں ملک میں اسلامی نظریہ کی آبیاری دیکھ کر سخت پریشان ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک میں ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے جہاں قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنا آسان ہو۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جما عت اسلامی خوتین پاکستان کی ناظمہ ڈاکٹر دردانہ صدیقی،صوبائی ناظمہ سابق ایم پی اے ثمینہ سعید ،کوئٹہ کی ناظمہ آسمہ اسد،ڈاکٹرشگفتہ اقبال،شہنازجمالی ،نگہت شیخ،فائزہ میر ،بی بی ایفتہ،لبنیٰ فرانسزنے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین خوشحال بلوچستا ن واسلامی پاکستان کیلئے جدوجہدکر رہی ہے جس قوم کی بیٹیاں مائیں بہنیں ملک کی ترقی خوشحالی کیلئے مردوں کی شانہ بشانہ ہو اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

اسلامی نظام اورتعلیم میں خوشحالی وترقی مل سکتی ہے نظریاتی مملکت کو کلمہ طیبہ کے جھنڈے تلے متحد کرسکتے ہیں تعصبات وکرپشن اور تعلیم سے دوری نے ہمیں تباہی وبربادی کی جانب دھکیل دیاہے کرپشن لوٹ مار وبے حسی اور ظلم کا علاج دیانت دار قیادت اور تعلیم کو عام کرنا ہے ۔

خواتین وبہنیں اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔خوشحالی وعروج کیلئے عورت کو اسلامی طور طریقے کے مطابق مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنا ہوگی ۔

اسلامی معاشرے کی تعمیر وترقی اور خوشحال بلوچستان کیلئے خواتین جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی مقتدرقوتوں کی کرپشن ولوٹ مار کو بے نقاب کرکے ملک واسلام دشمنوں کی سازشوں کوناکام بنائیگی ۔