کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی سے ملحقہ افغان سرحدی علاقے میں امریکی ڈرون طیارے کی جانب سے متعدد میزائل داغے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق منگل کی رات نو سے دس بجے کے درمیان چاغی کے علاقے برابچاہ سے ملحقہ افغانستان کی حدود میں امریکی جاسوس طیارے کی پروازوں کی آواز سنی گئی اور علاقے میں یکے بعد دیگرے 8 زور دار بم دھماکے بھی سنے گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ دھماکے امریکی ڈرون طیارے کی جانب سے داغے گئے میزائل حملوں کے تھے جو افغانستان کی حدود کے لگ بھگ پانچ کلومیٹر اندر کلی عزیز میں داغے گئے۔ ان حملوں میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
خیال کیا جارہا ہے کہ میزائل حملے میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اب تک امریکی یا افغان حکام اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے پاک افغان سرحدی علاقے میں کسی میزائل حملے سے متعلق رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
پاکستانی سرحدی کی حفاظت پر مامور پیراملٹری فورس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان حدود میں امریکی جاسوس طیاروں کی پروازیں ہوئی ہیں۔
واضح رہے اس علاقے میں امریکی اور افغان فورسز نے بڑے پیمانے پر افیون کی کاشت کیخلاف آپریشن شروع کررکھا ہے ۔