کوئٹہ : جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں مذہبی جماعتوں کی موٹر سائیکل ریلیاں، مختلف ریلیوں کے شرکاء نے جامع مسجدمیاں محمداسماعیل اورجامعہ غوثیہ مدرسہ وحدت کالونی اوردربارسید گل بادشاہ کواری روڈسے لیکر کوئٹہ پریس کلب اور منان چوک تک مارچ کیا ریلیوں کے اختتام پر جمعیت علماء اسلام نورانی کے رہنماؤں علامہ عبدالقدوس ساسولی ، محمد جان قاسمی،علامہ محمد ذیشان طارقی، انجمن خدام المسلمین کے زیرا ہتمام استقبال میلاد ۔
موٹرسائیکل ریلی کے شرکاء سے علامہ شہزاد قادری،میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام ریلی سے سید عرفان شاہ کامران قادری ویگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، اسلام آباد میں جاری دھرنا سیاسی مقاصد کے لیے نہیں بلکہ ان چہروں کو منظر عام پر لانے کے لیے دیا گیا ہے جنہوں نے عقیدہ ختم نبوت ﷺکے قوانین پر شب خون مارنے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ دھرنے کے شرکاء کے مطالبات تسلیم کرے بصورت دیگر 12 ربیع الاول کو ملک بھر میں دھرنے دیئے جائینگے اور دھرنوں میں کسی ایک سے نہیں پوری حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائیگا ریلیوں کے شرکاء سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ سیرت نبویﷺ میں ہی انسانیت کی فلاح ہے۔
،آپ ﷺ کی زندگی تمام انسانیت کے لئے عملی نمونہ ہے ، آپ ﷺ نے ہمیشہ امن اور انسانیت سے صلاح رحمی کا درس دیا قرآن و سنت میں ہی دنیا کے تمام مسائل کا حل ہے ،اور سیرت النبی ﷺ کا پیغام یہی ہے کہ ہم نبی پاک ﷺ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں اسلامی نظام قائم کریں۔
سیکولر بے دین نظام کی وجہ سے پاکستان کے عوام بدترین مسائل میں پھنس گیے ہیں رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہنا کہ نبی مہربانﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت آج دنیا کو پہلے سے بھی زیادہ ہے‘ بھٹکتی اور سسکتی ہوئی انسانیت آج تباہی کے کنارے کھڑی ہے۔
عشق مصطفیﷺ کے ذریعے ہی امت مسلمہ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ پیغام مصطفی کو گھر گھر پھیلا کر نظام مصطفیﷺکو ملک میں نافذ کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مدینہ والا نظام نافذ ہوجائے تو ہمارے سارے مسائل خودبخود حل ہوسکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے امت مسلمہ کارشتہ اپنے نبیﷺ سے مضبوط اور توانا کرتے ہوئے اسوہ رسولﷺ کو اپنانا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس ناکام نظام وغافل حکمرانوں کو بدلنے کے لئے مل کر کوشش کرنیکی ضرورت ہے۔جشن عید میلادلنبی ﷺ منانے کا تقاضایہی ہے کہ ہم انفرادی واجتماعی طور پر ملکرہر قسم کی منکرات ،برائی ،ظلم وجبر سے پرہیز کریں نظریاتی مملکت پاکستان میں اسلامی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کریں ۔
دین دار دیانت دار حقیقی لیڈرزکو آگے کریں کرپٹ مافیا کاراستہ روکیں او رجنہوں نے ہمیں اسلامی وقومیت کے نام پر بار بار دھوکہ دیا ہے ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں ۔