|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن نے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا جلد ہی امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔

یہ بات کنٹرولر امتحانات سید عبداللہ شاہ غرشین نے ’’ آن لائن‘‘ سے بات چیت کر تے ہوئے کہی انہوں نے کہا ہے کہ بورڈ حکام کی بھر پور کوشش ہے کہ مستقبل کے نو نہالوں اور معماروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے امتحانات سے نقل کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ نقل جیسی لعنت سے پاک معاشرے اور امتحانی سسٹم کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نقل کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت محکمہ تعلیم اور بورڈ انتظامیہ سنجیدگی کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل طے کر کے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔

اس لئے طلباء کو چا ہے کہ وہ ابھی سے اپنے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تیاری شروع کر دیں نقل کر کے امتحان پاس کرنے کا کوئی فائدہ نہیں طلباء اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں پڑھائی پر صرف کریں تاکہ امتحان میں کامیابی کے بعد مستقبل میں کچھ بن کر اس ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں طلباء کوچا ہئے کہ وہ غلط فکر ، سوچ اور طریقہ کار ان کے مستقبل کو تاریک بنا دے گا ۔

اس لئے والدین کو چا ہئے کہ وہ اپنے بچوں کو نقل کرنے سے سختی سے منع کریں اور مستقبل میں پریشانی سے بچیں ہم اس طرح سے نقل کی حوصلہ شکنی کریں گے اور اس کے سدباب کے لئے ہر وہ قدم اٹھائیں گے ۔

جس سے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے اس لئے آنیوالے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی حال میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ نقل کے روجحان کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جا سکے۔