ممبئی: بھارتی شہر کی ایک دکان میں آتشزدگی کے خوفناک واقعے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے مصروف اور گنجان آباد علاقے خیرانی روڈ پر واقع اسنیک کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور خستہ حال چھت بھی گر گئی۔
اطلاع ملنے پر فائر ٹینڈرز فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچے اور تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے ملبے سے جھلسی ہوئی لاشیں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک آلات میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی جب کہ پہلی منزل پر کھانے پینے کی اشیاء کا بھاری ذخیرہ اور فرنیچر موجود تھا جس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی اور پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ہلاک افراد کے جسم جھلسے ہوئے تھے جب کہ ملبہ گرنے سے چوٹیں بھی آئیں۔ مقامی پولیس نے آتشزدگی کے واقعہ میں 12 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے 4 زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا ہے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔