کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں خالہ اور بھانجے کو گولیاں مار کر قتل کردیاگیا۔ مقتولین کا تعلق مسیحی برادری سے تھا ۔ دو لاشیں ایک ساتھ اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔ گم میں کرسمس کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔
پولیس نے قتل کے شبے میں مقتولہ کے سابق بہنوئی کو گرفتارکرلیا۔ پولیس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب زرغون آباد تھانہ کی حدود میں نواں کلی فیز ٹو میں ایک گھر کے باہر وی ایکس آر گاڑی پر فائرنگ کی گئی ۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 18 سالہ خاتون مونا دختر ولسن اور 20 سالہ سجاول ولد پرویز راجپوت موقع پر ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ لاشیں سول ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔
ڈاکٹرز کے مطابق خاتون مونا سر جبکہ سجاول سینے میں گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے ہیں ۔پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق مسیحی برادری سے تھا اور وہ کرسمس کے تہوار منانے کی تیاریاں کررہے تھے ۔واقعہ کے بعد کرسمس کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔
ایس ایچ او زرغون آباد شفاعت کا کہنا ہے کہ واقعہ رشتے کا پرانا تنازع ہے ۔مقتولہ مونا ولسن کے بھائی جاویدنے پولیس کو بیان دیاہے کہ ان کی چھوٹی بہن مریم کی شادی چار سال قبل فضل بیٹنی نامی شخص سے ہوئی تھی ۔دونوں میں جھگڑے چلتے رہتے تھے۔
تقریباً دو ماہ قبل بہن نے طلاق لے لی تھی جس کا سابق شوہر فضل بیٹنی کو رنج تھا اس لئے انہوں نے فائرنگ کرکے بہن مونا اور بھانجے کو قتل کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے اور لواحقین کے بیانات قلمبند کرکے قتل کے شبے میں فضل بیٹنی کو گرفتار کرلیاتاہم دوران تفتیش ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا ہے ۔
کوئٹہ ،مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ مسیح برادری کے دو افراد جاں بحق
![]()
وقتِ اشاعت : December 26 – 2017