|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2018

کوئٹہ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ساتھ ہی ٹرانسپورٹروں نے کرایہ بڑھادیئے، عوامی نیشنل پارٹی ، پیپلز پارٹی ، بلوچستان متحدہ محاذ اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے قیمتوں میں حالیہ اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بلوچستان کے گڈز اور دیگر ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں اضافہ کر دیا جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔

ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک سال کے دوران 14 فیصد پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا اس لئے ہم مجبوری کے تحت کرائے بڑھا دیئے وفاقی حکومت خود مشکلات پیدا کر رہے ہیں شہریوں اور مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز وفاقی حکومت سے بھی بڑا ظلم کر رہے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ ہی کرائے بڑھا دیئے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔

عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نئے سال کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کر دیا اور پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافے کر کے غریب عوام کیساتھ اچھائی نہیں کی پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافے کے باعث اشیاء خوردونوش کے قیمتوں میں اضافہ ہو تا ہے ۔

اس لئے وفاقی حکومت فوری طور پر اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کر کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے عوامی نیشنل پارٹی اس پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہے گی اور اسمبلی فلور پر پٹرولیم مصنوعات کے بارے میں ضرور آواز اٹھائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہا رکر تے ہوئے کہا ہے کہ شریف برادران اپنی کرپشن اور دولت کو چھپانے کے لئے عوام پر مہنگائی کا بم گراد یا جس کی ہم شدید مذمت کر تے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کے اس بیان پر افسوس کا اظہارپیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مہنگائی کو کم کیا گیا مگر مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں تمام تر کرپشن کے باوجود بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اب ایسا نہیں چلے گا۔

بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین وپاکستان پرست رہنماء نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے کہا ہے کہ مگر وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافہ کر کے جو بم گرایا ہے ہم اس کی مذمت کر تے ہیں ۔

وفاقی حکومت فوری طور پر اضافے میں واپسی کا نوٹس لیں یہ بم نہیں دراصل حکمران نے عوام پر تخریب کاری کی ہے پہلے سے ہی ہم تخریب کاروں کے نشانے پر ہے اور یہ ہمارا معاشی قتل ہے جو کہ حکمران ہمارے ساتھ ظلم وزیادتی کر رہے ہیں اور یہ بھی تخریب کاری کے زمرے میں آتا ہے اور غیر قانونی ٹیکس لگا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔

حکمران اپنی کرپشن کو دوام دینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام پر ظلم کی انتہا کردی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث روز مرہ اشیاء میں اضافہ ہوگا ۔

اس سے ملکی خزانہ کو بھی نقصان ہوگا اس لئے وفاقی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگا اور اس سے مزید بد امنی پیدا ہوگی ۔