|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2018

گوادر: وفاقی وزیر میرین ٹائم افیئرز میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر کے قیام کا مقصد گوادر کے لوگوں کو ہنر مند بناکر یہاں کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین فنی اور پیشہ وارانہ تربیتی انسٹیٹیوٹ سے پیدا ہونے والے ہنر مند افراد گوادر پورٹ فری زون، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اور دیگر شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بندرگاہ کی ہنر مند افرادی قوت کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے انسٹیٹیوٹ میں داخل ہونے والے طلبا وطالبات پرزور دیا کہ وہ اس انسٹیٹیوٹ سے فائدہ اٹھا کر اپنے آپ کو سی پیک منصوبوں کا حصہ بنائیں تقریب سے چیئرمین گوادر بندرگاہ دوستین خان جمالدینی چائنا اوورسیز اولڈنگ پورٹ کمپنی کے چیئرمین باؤزنگ زونگ اور ضلع کونسل کے چیئرمین بابو گلاب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

چینی حکام نے کہا کہ چینی حکومت پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور گوادر منصوبوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے گی اور اس حوالے سے ہر شعبہ میں معاونت فراہم کرے گی۔

تقریب میں بتایا گیا ہے کہ اس ادارے سے نوجوانوں کو تینکی تربیت فراہم کر کے ہنر مند بنایا جائے گا اور انہیں اقتصادی راہداری کے منصوبوں کیلئے ہنر مند افرادی قوت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے اس ادارے کے قیام سے گوادر نوجوانوں کوتعلیم اور فنی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے کے مواقع ملے سکتے ہیں۔