|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2018

کوئٹہ :  پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت سندھ اور بلوچستان کے صوبائی وزراء اورمختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی

ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی ‘عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجیئرزمرک خان اچکزئی ‘ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک ‘ صوبائی وزراء میرعاصم کرد گیلو ‘ میرضیاء اللہ لانگو ‘ اکبر آسکانی‘ منظوراحمدکاکڑ ‘ماجدابڑو‘ غلام دستگیربادینی ‘ طاہرمحمود ‘ عامر رند جبکہ سردار صالح بھوتانی ‘ اظہار حسین کھوسہ ‘ محمد خان لہڑی‘ دنیش کمار و دیگر نے بھی شرکت کی۔

دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی پالیمینٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں جمہوری طریقے سے تبدیلی اچھا قدم تھا اور وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے جمہوری تسلسل کو آگے بڑھایا جس کے لیے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ان کی کابینہ کے اعزاز میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی بات کی ہے میں نے اپنے دورے صدارت میں آغاز حقوق بلوچستان شروع کیا میں نے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے بلوچستان کے مالی وسائل میں اضافہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں کے عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور بلوچستان کے عوام باشعور ہیں لہذا آپ اپنے عوام کے شعور سے فائدہ اٹھائیں اور ترقی کرتے جائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہم بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کو بخوبی جانتے ہیں اور ہم آپ کے مسائل کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ ان کا حل بھی جانتے ہیں اور ہم نے اپنے دور میں بلوچستان کے عوام کے مسائل حل بھی کیے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم بھائی بھائی ہیں اور دونوں بھائی مل کر ایک دوسرے کے مسائل حل کریں گے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہورہی ہے کہ میرے صدر آصف علی زرداری نے میری طرف سے بلوچستان کے وزیر اعلی اور ان کی کابینہ کو دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی ۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ان کے کابینہ کے اراکین کی وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام تاریخی طورپر ایک ہیں اور ہم ایک دوسرے کی خوشی اور تکلیف میں ساتھ رہتے ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعلی بلوچستان اور ان کی کابینہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔.