|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2018

لاہور: نیب نے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے معاملے پر ڈھائی گھنٹے پوچھ گچھ کی ہے۔

وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نیب لاہورمیں پیش ہوئے۔ نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ فراڈ میں ملوث ہونے کی بناء پرطلب کیا تھا اور اس سے متعلق نیب کی 3 رکنی تفتیشی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق سے ڈھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

اس سے قبل نیب نے خواجہ سعد رفیق کو 22 مارچ کو بھی طلب کیا تھا لیکن خواجہ سعد رفیق مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے تھے۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق نے دوبارہ بھی نیب آفس آنے پر رضامندی ظاہرکی اور کچھ دستاویزات نیب کو فراہم کرنے کے لیے وقت مانگا ہے جو نیب نے دے دیا ہے۔

پیشی سے قبل سعد رفیق نے ٹوئٹرپرکہا کہ ایک اور پیشی ایک اورطلبی، اس راہ میں جو سب پہ گزرتی ہے وہ گزری۔