|

وقتِ اشاعت :   April 24 – 2018

خضدار: خوشحال بلوچستان‘‘پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خضدار کے اسٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں منعقدہ ہوئی۔

تقریب کے مہمان خاص ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی تھے۔ضلع خضدار کے مختلف گورنمنٹ و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک، غریب و ہونہارطلباء و طالبات کومیرٹ،کی بنیادپر لیپ ٹاپ کے حصول کے لئے منتخب کیا گیا تھا،سردار نصراللہ ساسولی، سردارمہراللہ قمبرانی، سردار محمد حیات ساجدی، میرمنیراحمد محمد زئی مینگل،سماجی کارکن بی بی ہماء رئیسانی،میر فدا قلندرانی،میر فیاض زنگیجو نے 250طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے۔ 

جب کہ ،سرداربلند خان غلامانی، سردارعزیز محمد عمرانی،میر اورنگ زیب زہری ،میر عتیق ساجدی، سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباء و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی اور سماجی کارکن بی بی ہماء رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کرفروغ تعلیم اور تعلیم میں جدت پیداکرنے کے لئے جو منصوبے سامنے لارہی ہے یقیناًاس سے نوجوانوں کو ایک نیا ولولہ اور جوش و جذبہ ملا ہے۔غریب، ہونہار و مستحق طلباء کو جس منصفانہ انداز میں لیپ ٹاپ فراہم کیا جارہاہے اس سے نوجوانوں کو حوصلہ ملاہے اوران کی تعلیم میں نکھارپیداہوئی ہے۔ 

لیپ ٹاپ کی سہولت ملنے سے نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے نوجوانوں کو مطالعہ کا موقع میسر آسکے گا بلکہ وہ اس سہولت کو امتحان کی تیاری تدریسی فائدے کے لے کام میں لاسکیں گے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ جن خوش نصیبوں کو لیپ ٹاپ ملا ہے وہ اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائیں اور جن اسٹوڈنٹس کو لیپ نہیں ملا ہے وہ حوصلہ رکھیں انشاء اللہ اگلی باری ان کی ہوگی۔ 

انہوں نے کہاکہ آج کے نوجوان اپنے آپ کو کسی بھی طر کم تر نہ سمجھیں مستقبل کے معمار وہی ہیں آپ ہی میں سے ایک لیڈر پیدا ہوگا اور آپ ہی میں سے باصلاحیت رہنماء مستقبل میں قوم کی باگ ڈور سنبھالے گا۔ 

طلباء اپنی محنت جدوجہد جاری رکھیں انشاء اللہ کامیابی آپ کی قدم چومے گی۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک پیارا ملک دیا ہے سی پیک کی صورت میں ملک کے سامنے خوشحالی اور تجارتی و معاشی ترقی کا ایک بحر بیکراں موجود ہے، یہاں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی کھیپ کی ضرورت پڑے گی خوشحالی آئے گی بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا بلوچستان سمیت پورا ملک ترقی کریگا۔

ترقی کا یہ سفر بلوچستان سے شروع ہو کر پورے ملک میں پھیلے گا تو مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے سب کو ہمت باند ھ کر بھر پور تعلیمی محنت کرنی چاہیے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آج سے اپنے آپ کو تیار کیا جانا چاہیئے۔ 

انہوں نے کہاکہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ذمہ داری جن کی تھی انہوں نے پہلے اور دوسرے مرحلے میں جس احسن انداز میں اس ذمہ داری کو نبہائی وہ قابل تحسین ہے۔

سماجی کارکن بی بی ہماء رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے اسٹوڈنٹس پر فخر ہے جن کو لیپ ٹاپ ملا ہے وہ اس کا تعلیمی شعبہ اور فروغ تعلیم کے لئے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور جن طلباء کو ابھی تک لیپ ٹاپ نہیں ملا ہے وہ ہمت نہ ہاریں بلکہ بھر پور محنت کریں ۔

اگلے مرحلے میں ان کا نام بھی آئیگا اور انہیں بھی لیپ ٹاپ ملے گا انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میرے ضلع کے ہونہار باصلاحیت اور غریب و محنتی طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیا جارہاہے اور یہ منصفانہ تقسیم کے باعث طلباء کی بے حد حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ تعلیم وہ واحد شعبہ ہے کہ جس میں قوموں کا عروج و زوال مضمر ہے جن قوموں نے تعلیمی شعبے میں ترقی کی انہیں کامیابی میسر آئی جن قوموں نے تعلیمی شعبے کو پس پشت ڈالا وہ ناکامی سے دوچار ہوئے ہمارے تمام طبقات کو مل کر تعلیمی ترقی کے لئے اپنی توانائیاں خرچ کی جانی چاہیے اور اپنی نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا چاہیے۔

حکومت اور پاک فوج کی خدمات ناقابل فرامو ش ہیں وہ ملک کی خوشحالی و فلاح وبہبود و دیگر شعبوں کو جس طرح ترقی دے رہے ہیں عین اسی طرح لیپ ٹاپ کی صورت میں نوجوانوں کی ہمت افزائی اور حوصلہ افزائی کرکے ناقابل فراموش کارنامہ سرانجام دیتے رہیں گے اور اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔