کوئٹہ : بلوچستان میں ایپلٹ ٹریبونل میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت جاری ہے،بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اعجاز سواتی پر مشتمل دو ٹربیونلز مسترد کاغذات نامزدگی سے متعلق دائر اپیلوں کی سماعت کررہے ہیں۔
دونوں ٹریبونلز نے آج کی سماعت میں این اے 260 نصیر آباد سے سابق صوبائی وزیر عاصم کردگیلو کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دے دیا،کاغذات،اثاثے ظاہر نہ کرنے اور تجویزو تائید کنندہ متعلقہ حلقے سے نہ ہونے پر ریٹرننگ آفسر نے کاغذات مسترد کئے تھے۔
ٹریبونل نے پی بی 10 ڈیرہ بگٹی سے امیدوار سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی ،سرفراز بگٹی کے خلاف اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ آفسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
نوابزادہ شازین بگٹی نے سرفراز بگٹی کے کاغذات کی منظوری کے فیصلے کوٹربیونل میں چیلنج کیا تھا،پی بی 7 سبی سے پشتونخوا میپ کی امیدوار فمہیدہ بی بی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار کیا گیا۔
ایپلٹ ٹریبونل نے پی بی10 سے نوابزادہ گہرام بگٹی کے کاغذات منظور ہونے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ آفسر کے فیصلے کو برقرار رکھا، سرفراز بگٹی نے بھی نوابزادہ گہرام بگٹی کے کاغذات منظور کرنے کا فیصلہ ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔
این اے 265 کوئٹہ سے ایم کیو ایم کے امیدوار ملک عمران کاکڑ کی اپیل پر سماعت ہوئی،ٹریبونل نے امیدوار ملک عمران کاکڑ کو انتخابات کیلئے اہل قرار دے دیا،پی بی 50 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار حسن جاموٹ کے فارم منظور ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی،عبدالرحیم نامی ووٹر نے حسن جاموٹ کے کاغذات منظور ہونے کا فیصلہ ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا، دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کوئٹہ، ایپلٹ ٹریبونل میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیلوں کی سماعت جاری
وقتِ اشاعت : June 24 – 2018