فیفا ورلڈ کپ 2018 میں جنوبی کوریا نے سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو 0-2 سے شکست دے کر عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر کردیا۔
کازان ارینا میں کھیلے گئے میچ میں دفاع چیمپیئن جرمنی کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے میچ میں لازمی فتح درکار تھی لیکن میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بھی گیند کا کنٹرول زیادہ تر جرمنی کے پاس رہا لیکن مجموعی طور پر کوریا کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمنی میچ کے دوران ملنے والے مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے 90 منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں کم یونگ گون نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ابھی جرمنی کی ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایشین ٹیم نے اپنے ہاف میں موجود دفاعی چیمپیئن ٹیم کے گول کیپر نوئر کو چکما دے کر سون ہیونگ من کو گیند پاس کی جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں 0-2 سے برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
میچ میں 0-2 سے شکست کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی۔
یاد رہے کہ جرمنی نے 2014 ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔ 1938 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں باہر ہوا ہے۔