ممبئی: بھارت کے شہر ممبئی میں ایک چارٹرڈ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارت میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی کمپنی کا 12 نشستوں والا چارٹرڈ طیارہ ممبئی کے علاقے گھٹکوپار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ پائلٹ سے بے قابو ہونے کے بعد زیر تعمیر عمارت سے جا ٹکرایا جس کے بعد ایندھن کا اخراج ہونے سے اس میں آگ لگ گئی ۔
بھارتی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں طیارے میں سوار دو پائلٹ اور دو انجینئر جبکہ زمین پر موجود ایک شخص ہلاک ہوا۔ عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے کا ملبہ زمین پر ایک راہگیر پر آگرا جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
ایوی ایشن ریگولیٹر نے بیان میں کہا کہ نجی کمپنی کا یہ طیارہ آزمائشی پرواز پر تھا اور اس میں پائلٹ کے ساتھ ساتھ کوپائلٹ اور دو انجینئر سوار تھے، حادثے کی فوری طور پر حتمی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم تفتیش شروع کردی گئی ہے۔