|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات ملک اور قوم کی اہم ترین ضرورت ہے اس لئے ادارے صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو یقینی بنائیں اور جو نتائج عوام کے حق رائے دہی کے استعمال کے بعد آئے انہیں قبول کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاست میں سیاسی جماعتوں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل اس وقت بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) ، بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علماء اسلام سمیت تمام جماعتیں انتخابی عمل میں حصہ لے رہی ہے اور تمام جماعتوں اور عوام کی بھی یہی امید ہے کہ انتخابات بھر وقت اور صاف شفاف ہو اور ہماری جماعت کی بھی یہی کوشش ہے کہ ہماری جماعت عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے بلوچستان کی اکثریتی پارٹی بنے تاکہ صوبے کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ آن لائن‘‘ سے بات چیت کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بی اے پی انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کر کے صوبے میں سنگل اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئیگی اور ترجیحی بنیادوں پر صوبے کے مسائل کو حل کر کے بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کو دور کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریگی۔ 

بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے قیام سے لے کر اب تک قلیل مدت میں دیگر سیاسی جماعتوں کو مقابلے کے رجحان کی صف میں کھڑا کردیا ہے اور صوبے کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدوار بھی اپنے حلقوں کا بلا تخصیص دورے کررہے ہیں تاکہ عوام میں پزیرائی حاصل کرسکے انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں جو پارٹیاں عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبے بناکر انہیں مکمل کر کے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے گراؤنڈ پر منصوبوں کو دکھائیں گے وہی پارٹی آگے زندہ رہیں گی۔

پارٹی کی کوشش ہے کہ وہ صوبے میں عوام کے ووٹوں سے اپنے امیدواروں کو منتخب کرواکر ایوان میں بھیج کر حقیقی نمائندوں پر مشتمل بلوچستان میں اکثریتی پارٹی بن کر ابھرے کیونکہ اس وقت عوام کے امیدیں اور نظریں بلوچستان عوامی پارٹی پر مرکوز ہیں عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیا ہے جو ان کے اعتماد پر پورا نہیں اتریں اور اجتماعات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس کی وجہ سے آج بھی بلوچستان پسماندگی کی منہ بولتی تصویر پیش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کی روز اول سے ہی یہی کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کے حقوق کے حصول کو یقینی بنا کر گڈ گورننس کو قائم کیا جائے تاکہ منتخب ہونیوالے نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا تے ہوئے وسائل کو قابل استعمال لا کر عوام کے مسائل حل کر سکے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے سینئر رہنماؤں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام جماعتوں سے رابطے کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بڑی اہمیت کا حامل صوبہ ہے یہاں کے لوگ اپنی سرزمین سے دلی لگاوت رکھتے ہیں اور عوام نے ہمیشہ سے ہر دور میں ہونے والے انتخابی عمل میں بڑ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اقتدار میں جانے والوں نے اس انداز میں اپنے کردار اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنے میں وہ کردار ادا نہیں کیا جو کرنا چاہئے تھا جس کی وجہ سے ہمارے عوام آج بھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

اور مختلف مسائل کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر عوام کو ان مسائل کے گرداب سے نکال کر ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے میں بھر پور اقدامات اٹھائے گی ہم نے ماضی کے تجربات سے سبق سیکھا اور ان تجربات کی روشنی میں مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے تاکہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے۔