لاہور: ہائی کورٹ نے ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو این اے 57 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے مظاہرعلی اکبر نقوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی جس میں تا حیات نااہلی کے ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ ٹریبونل نے حقائق کے برعکس انہیں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا حالانکہ ایپلیٹ ٹربیونل کے پاس انہیں نااہل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ تمام معلومات اور تفصیلات فراہم کرنے کے باوجود انہیں نااہل کیا گیا درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ نے شاہد خاقان عباسی کو انتخاب لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ درخواست پر مزید کارروائی یکم جولائی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن ایپلیٹ ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔