لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے دستبردار ہوگئی ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے مریم نواز نے اپنے وکیل تنویر ضیاء بٹ کی وساطت سے ریٹرننگ آفیسر آصف بشیر کو درخواست جمع کرائی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ این اے 125 سے الیکشن لڑنا نہیں چاہتیں، اس لیے بیلٹ پیپر پر ان کا نام اور نشان شائع نہ کیا جائے۔ ریٹرننگ آفیسر نے مریم نواز کی درخواست منظور کرلی۔
واضح رہے کہ مریم نواز کو این اے 127 سے مسلم لیگ (ن) کا انتخابی ٹکٹ ملا ہے ۔ ان کے وکیل سے این اے 125 سے ان کے کاغذات واپس لینے تاخیر ہوگئی تھی جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر قانون کے مطابق انہیں آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی نشان الاٹ کردیا تھا۔