خضدار: مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان پی بی 38سے پارٹی کے نامزد امیدوار نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ میں ایک ترقی پسند سردار اور سیاسی نمائندہ ہوں ،آج بلوچستان اس بات کی گواہی دے رہا ہے۔
کہ میں نے مختصر مدت میں ایک بجٹ کے ساتھ سب سے بڑھ کر صوبے میں فلاحی کام سرانجام دیا،ہماری سیاست عوام کے تابع اور عوام ہی کے لئے ہے، ہماری سیاست کا محور و منبع عوام ہی ہے۔
مجھے اس وقت تک چین ہی نہیں آتا جب تک عوام کے مسائل حل نہ ہوں ،عوام کی دکھ اور درد کو اپنا ہی دکھ سمجھتا ہوں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلق جھالاوان خضدار میں مولہ رائیکا اور مولہ خرزاں سے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئی کہی اس موقع پرمولہ رائیکاسے کلیم اللہ جام ، بدل خان جام ، عبدالرزاق ،مولہ خرزاں سے رئیس اللہ بخش بلوچ اپنے قبیلے کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔
پارٹی رہنماء عید محمد ایڈووکیٹ، میر محمد اکبر جتک ، میر طُریل جتک، مسلم لیگ (ن) خضدار سٹی کے صدر منیراحمد قمبرانی ، مسلم لیگ (ن) خضدار سٹی کے جنرل سیکریٹری چیف محمد نور زہری و دیگر رہنماء موجود تھے۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ عوام نے دیکھا کہ صوبے میں 35ہزار خالی آسامیاں سرد خانے میں پڑی تھی ان خالی آسامیوں کو بھی میری حکومت نے ظاہر کی اور بے روزگار نوجوانوں کوان کے بارے میں آگاہی دی ،میر ی سیاست اور غو ر و فکر ہر وقت عوام ہی کے لئے ہوتا ہے اور یہ مشن زندگی کے آخری لمحے تک سرانجام دیتا رہوں گا ،جب سے میں نے سیاست میں قدم رکھا ہے۔
اس وقت سے آج تک میں نے اپنا کوئی بھی لمحہ عوام کی خدمت کیئے بغیر نہیں گزارا ، دیانت کے ساتھ عوام کے وسائل ان تک پہنچایا ، میری یہ طرہ امتیاز آئندہ بھی جاری وساری رہیگا ۔انہوں نے کہاکہ عوام دوسرے نمائندوں کی کار کردگی کا بھی موازنہ کریں۔
دیکھیں انہوں نے اپنے عوام کے لئے کیاکچھ کرکے دکھایا اور میرے حلقے میں بھی ترقیاتی منصوبے دیکھ لیں ، میں نے ہمیشہ ترقی پسندانہ سوچ لیکر عوام کے دکھ اور درد میں شریک رہ کر عوام کی خدمت کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا ہے
ترقی پسند سردار اور سیاسی نمائندہ ہوں ، نواب ثناء اللہ خان زہری
وقتِ اشاعت : July 10 – 2018