|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں درینگڑھ کے دالخراش واقعے میں نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت85سے زائد افراد کی شہادت اور سینکڑوں کی تعداد میں زخمی ہونے کے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔

چیف آف سراوان نواب اسلم رئیسانی ، پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے ساتھ دلی ہمدردی اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا بیان میں کہا گیا ہے کہ درینگڑھ ، پشاور ، مردان کے واقعات میں قبائلی سیاسی شخصیات سمیت سیاسی کارکنوں کی شہادت ایک المیہ سے کم نہیں پے در پے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام نہ کرنا مرکزی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی ہے جس میں انسانی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں ۔

انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے کوئی مثبت حکمت عملی ترتیب نہیں دی گئی عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے پارٹی ایسے واقعات کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے پارٹی کی جانب سے درینگڑھ واقعے میں بڑی تعداد میں انسانوں جانوں کے ضیاع پر ان کے ؒ لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ۔ 

دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے مستونگ دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جہد بارود کی گن گرج متزلزل نہیں کی جاسکتی نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی کی سیاسی و قبائلی جدوجہد قابل ستائش ہے ان کی شہادت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ صدیوں پورا نہیں ہوسکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ مستونگ دھماکہ میں انسانی جانوں کا ضیاع قابل مذمت ہے واقعہ میں بے گناہ لوگوں کی شہادت پرشدید رنج ہوا اس اندوہناک واقعہ میں بلوچستان کے سیاسی و قبائلی رہنماء نوابزادہ میرسراج رئیسانی کی شہادت سے بلوچستان کو دھچکہ لگا ہے اور سیاسی حلقوں میں جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ صدیوں پورا نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو تمام تر موثر طبی سہولیات فراہم کی جائیں سردار اختر جان مینگل نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے ۔