کراچی: عدالت نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں آصف زرداری کے قریبی دوست حسین لوائی کو ریمانڈ پر جیل بھجوادیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت میں نجی بینک منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، ایف آئی اے نے نجی بینک کےسربراہ حسین لوائی اورطہٰ رضا کوعدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے لیے 47 اکاؤنٹس استعمال کئے گئے بینیفشریزاور دیگر معاملات کی تحقیقات کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکارہے۔ اس لئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی اجازت دی جائے۔ جب کہ ملزمان کے وکلا نے اپنے موکلین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی درخواست کی۔
عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 14 روز کے لیے جیل بھجوادیا۔
واضح رہے کہ حسین لوائی اور طہٰ رضا پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ حسین لوائی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین اور نجی بینک کے سربراہ ہونے کے علاوہ آصف زرداری کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں۔