|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ترجمان کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے ایران کے گرڈ سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے مکران کو بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوگیا ہے۔ 

جسکی وجہ سے اس دوران مکران کے تینوں اضلاع تربت،گوادر اورپنجگورکے علاقوں کو یومیہ صرف 6سے8 گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی رہی۔بجلی کے تعطل بڑھنے سے کیسکو انتظامیہ اور مکران کے صارفین کو کافی مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے۔صارفین کی مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکونے اس اہم مسئلہ کو کوئٹہ میں مقیم ایرانی قونصل جنرل کے ساتھ اْٹھایاہے جسکے بعد بجلی کی فراہمی میں کچھ بہتری آئی ہے۔ 

البتہ اس مسئلہ کا حل نکالنے اوربجلی کی فراہمی میں تعطل کو دور کرنے کے لئے ایرانی قونصل جنرل نے کیسکو چیف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس مسلئے کو جلد حل کر کے مستقل بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔

ترجمان نے مزید واضح کیا کہ مکران نیٹ ورک میں کسی بھی قسم کی کوئی تکنیکی خرابی نہیں ہے اور یہ مسلۂ ایران کی جانب سے ہے۔علاوہ ازیں حکومتی جانب سے حکومت ایران کو بجلی کی مد میں باقاعدگی سیپیمنٹ ہو رہی ہے۔ترجمان نے اس دوران ایران کی جانب سے تکنیکی بنیادوں پربجلی بندش کے باعث مکران کے صارفین سے معذرت کی ہے۔