لاہور: این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے کے معاملے پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جوکچھ دیربعد سنایا جائے گا۔
شیخ رشید نے لاہورہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں پٹیشن دائرکی جس میں درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اورریٹرننگ افسرکوفریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ آئین کے تحت الیکشن صرف کسی امیدوارکی وفات کی صورت میں موخرکئے جا سکتے ہیں، امیدوارکو سزا ہونے پرالیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا، مریم نوازاورکیپٹن (ر) صفدر کو سزا پران حلقوں میں الیکشن ملتوی نہیں ہوئے تو حنیف عباسی کو سزا ملنے کے بعد این اے 60 پربھی انتخابی عمل کو روکا نہیں جاسکتا۔ کسی امیدوارکو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں؟ اس لئے این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرنا غیرقانونی ہے اور یہ فیصلہ کالعدم کیا جائے۔
عدالت نے سماعت کے دوران ہی فیصلہ محفوظ کرلیا جوکچھ دیربعد سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 21 جولائی کے روزانسداد منشیات کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمرقید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات مؤخر کردیئے تھے۔