یروشلم: فلسطین میں مزاحمت کار نوجوان لڑکی احد تمیمی کو 8 ماہ قید کے بعد گزشتہ شب رہا کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے منہ پر تھپڑ رسید کرنے والی نڈر لڑکی احد تمیمی کو جیل میں 8 ماہ کی قید و بند کی صعوبتیں اُٹھانے کے بعد گزشتہ شب رہائی مل گئی ہے۔ آٹھ ماہ کی سخت تکالیف نازک اور کم سن لڑکی کے پایہ استقلال میں لرزش نہیں لا سکیں۔ اسرائیلی حکام نے احد تمیمی کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔
اسرائیل کے محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ آج صبح احد تمیمی اور اُن کی والدہ نریمان کو رہا کردیا گیا ہے۔ دونوں قیدیوں کو اُن کے رہائشی علاقے مغربی کنارے بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب احد تمیمی نے جیل سے آزاد ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ احد تمیمی کا پورا گھرانہ سماجی کارکن اور مزاحمت کار کے طور پر شہرت رکھتا ہے۔
واضح رہے فلسطین میں دو اسرائیلی سپاہیوں کو طمانچہ رسید کرنے اور دھکے دینے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد جرات و بہادری کا استعارہ بننے والی نوجوان لڑکی احد تمیمی کو قابض اسرائیلی فوج نے دسمبر 2017 کو والدہ کے ہمراہ گھر سے گرفتار کیا تھا۔