|

وقتِ اشاعت :   August 4 – 2018

کوئٹہ: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نورمحمد مسکانزئی نے جمعہ کے روز بلوچستان یونیورسٹی کا دورہ کیا، نگران صوبائی وزراء امام بخش بلوچ، فرزانہ علی احمد، بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس ہاشم کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

یونیورسٹی پہنچنے پر بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال اور یونیورسٹی کے دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور دیگر مہمانوں نے یونیورسٹی میں قائم ایکسپو سینٹر، سینٹرل لائبریری، یوسف عزیز مگسی باٹنیکل گارڈن، یوسف عزیز مگسی اور شہید خان عبدالصمد خان اچکزئی چیئرز اور دیگر زیر تعمیر بلاکس کا معائنہ کیا۔ 

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی صوبے کی پہلی یونیورسٹی ہے جس کے مختلف شعبوں سے فارغ التحصیل نامور شخصیات صوبے اور ملک کے مختلف حصوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں جاری مختلف شعبوں میں زیر تعمیر کام کے معیار اور مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی اس اہم درسگاہ کی بہتری کے لئے ہرممکن تعاون کرے گی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ہمارے بچوں کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آسکیں۔