|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2018

کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور سابق سینیٹر اکرم شاہ خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں سے پارٹی میں مفاد پرست ، خود غرض ، ذاتی مفادات کے شکار اور سازشی عناصر سر گرم عمل ہیں ۔

ان عناصر کی بد عنوانیوں اور اقرباء پروری کی وجہ سے25 جولائی کے انتخابات میں پارٹی کو شرمناک شکست کا سامنا کر نا پڑا آج بھی عوام اور پارٹی کے کارکن اپنے نظریات پر قائم ہیں اور اب ان کی خواہش اور کوشش ہے کہ پشونخوامیپ کو اپنی تاریخی جدوجہد کی راہ پر گامزن کریں اور اس کیلئے ہمارے غیور عوام اور پارٹی کے بے لوث کارکن ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار اور آمادہ ہیں ۔

لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یہ منفی عناصر اتنی بڑی تباہی کے بعد بھی اپنی ان منفی حر کتوں سے باز نہیں آرہے جس کی حالیہ مثال ضلع کوئٹہ میں متعدد کارکنوں کی پارٹی سے اخراج کا فیصلہ ہے پارٹی میں مختلف اوقات میں الیکشنوں میں اس قسم کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں کہ بعض علاقوں میں پارٹی کے بعض کا رکنوں نے پارٹی امیدوار کیخلاف الیکشن میں مہم چلائی ہے تب ان کارکنوں کے بارے میں پارٹی کے مرکزی اداروں نے مجموعی طور پر فیصلہ کیا تھا ۔

اب ان منفی عناصر کو بار بار متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ان منفی اعمال سے باز رہیں اب حالیہ حکومت کی وجہ سے میں آخری بار ان عناصر کو متنبہ کر تا ہوں کہ اگر انہوں نے پر اس طرح کی تاریخی دشمنی کی حرکت کی تو میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے جو پارٹی آئین کے مطابق پارٹی کا تنظیمی سربراہ ہو تا ہے اپنے اختیارات استعمال کر تے ہوئے ان عناصر کو سخت ترین سزادونگا جس میں پارٹی سے اخراج بھی شامل ہوگا اور پھر اس وقت انہیں پارٹی کے کسی بھی ادارے میں اپیل کا حق بھی نہیں ملے گا ۔

خواہ وہ پارٹی کا کتنا ہی بڑا عہدیدار کیوں نہ ہو انہوں نے کہا ہے کہ ضلع کوئٹہ کے جن کارکنوں کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی ہے نہ صرف ان کی رکنیت بلکہ وہ اپنے اپنے عہدوں پر بھی بحال ہیں اور وہ اپنا کام جاری رکھیں۔