تربت: گزشتہ روز چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس کمشنر مکران آفس تربت کے مقام پر منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کمشنر مکران ڈویژن جاوید شاہوانی ، ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ( ر ) شیر احمد ، اسسٹنٹ کمشنر پنجگور ظفر اقبال ، کنسلٹنٹ محکمہ پی اینڈ ڈی محمد عارف شاہ ، ڈائریکٹر ڈیو یلپمنٹ مکران رفیق بلوچ ، ڈپٹی ڈائریکٹر تربت سٹی ڈیویلپمنٹ رفیق احمد ، سیٹلمنٹ آفیسر مکران نعیم گچکی اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر محکمہ پبلک ہیلتھ عمران آلیانی اوردیگرشامل تھے ۔
اجلا س میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر نے کہا کہ تربت سٹی ڈیو یلپمنٹ پروجیکٹ حکومت بلوچستان کا ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جسکی تکمیل کے بعد تربت شہر بلوچستان کا ایک ماڈل سٹی بن جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کے بیشتر حصوں کو مکمل کیا جاچکا ہے ۔ جس میں شاہراہوں کی توسیع اورمکانوں کی تعمیر شامل ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پارکوں کی تعمیرات بھی مکمل کی جاچکی ہیں اور سیوریج لائن میں تعمیر آخری مرحلے میں ہے ۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے تربت سٹی ڈیویلپمنٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر مکران ڈویژن جاوید شاہوانی اورڈپٹی ڈائریکٹر رفیق احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انکی ذاتی کوششوں سے تربت شہر کی تعمیرات کا منصوبہ پایا تکمیل کی جانب گامزن ہے اور امیدکی جاتی ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تربت شہر کا منظر نامہ مکمل طور پرتبدیل ہوجائے گا ۔
اس دوران چیف سیکریٹری بلوچستان نے کمشنر مکران کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور منصوبے کے لئے ضروری مشینری کی خریداری کو بھی جلداز جلد ممکن بنایا جائیگا ۔ اس دوران انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تربت شہر کے شاہراہوں کے کنارے شجر کار کی جائے تاکہ اس سے ماحول پرمثبت اثرات بڑھ سکیں ۔
دریں اثناء کمشنر مکران جاوید شاہوانی نے چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیرکو تربت شہر سے ایئر پورٹ تک زیر تعمیر شاہراہ کی تعمیر کے بار ے میں بھی آگاہ کیا اور ایئر پورٹ روڈ کی تعمیرمیں درپیش مشکلات کے بارے میں بھی چیف سیکریٹری سے تبادلہ خیال کیا ۔
بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر تربت سٹی ڈیو یلپمنٹ پرو جیکٹ انجینئر رفیق احمد نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو تربت شہرکے منصوبوں کے بارے میں ملٹی میڈیا کے ذریعے تفصیلی پر یزنٹیشن دی ۔ اس دوران چیف سیکریٹری نے تربت شہر میں پایہ تکمیل شاہراؤں اور دکانوں کامعائنہ بھی کیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر اہلکاروں کی کار کردگی کو سراہا ۔
تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ میں درپیش مشکلات کو حل کیا جائے گا، چیف سیکرٹری
وقتِ اشاعت : August 12 – 2018