دالبندین: سابقہ صوبائی وزیر سخی امان اللہ نوتیزئی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین میر داؤد خان نوتیزئی نے دالبندین کے قریب چینی انجینئرز کے بس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شر پسند عناصر علاقے کا پر امن ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں جس کی ہم اجازت نہیں دیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ چاغی ایک پر امن علاقہ ہے چینی انجینئرز عرصہ دراز سے سیندک پروجیکٹ میں کام کر رہے ہیں اور پاک چین دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوطی کیلئے سیندک پروجیکٹ کا اہم کردار رہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچ معاشرے اور اسلامی روایات میں بھی نہتے لوگوں پر حملہ کرنا برا فعل سمجھا جاتا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے چینی انجینئرز کو تحفظ دے کر علاقے کی تاریخی اور روایتی امن کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔
جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما سردار نجیب سنجرانی نے اپنے جاری کردہ بیان میں دالبندین کے قریب سیندک پروجیکٹ میں کام کرنے والی چینی انجینئرز کے بس پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ واقعہ افسوسناک واقع ہے اور تاریخ میں پہلی بار دالبندین میں ایسا واقعہ پیش آیا ہے جبکہ شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لئے ایسے حملے کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں بچ جانے والے چینی انجینئرز اور دیگر عملے کا محفوظ رہنا ایک معجزہ ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
چینی انجینئرز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں،امان اللہ نوتیزئی
وقتِ اشاعت : August 12 – 2018