|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2018

جدہ: سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن  سلمان نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان  اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں عمران خان کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے  کہا کہ ہم سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی عوام اور ملک  کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے بعد مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان کےاگلے وزیر اعظم کے لیے عمران خان کو نامزد کیاگیا ہے۔