کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بلوچستان سے ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا بخوبی علم ہے ۔
یہی وجہ ہے کہ کہ نو منتخب وزیر اعظم نے اپنی اولین ترجیحات میں بلوچستان کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کا پختہ اعادہ کیا ہے چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی نئی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور گڈ گورننس کے قیام کے لئے پائیدار اور قابل عمل اقدامات کرے پاکستان تحریک انصاف مفاد عامہ کے ہر اجتماعی عمل کی حوصلہ افزائی کرے گی عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لیے اسمبلی میں بھیجا ہے مسائل پیدا نہیں کرنا چاہتے بلکہ مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نو منتخب وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی تقریب حلف برداری کے بعد “اے پی پی ” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سردار یار محمد رند نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بحیثیت وزیر اعظم اپنے اولین خطاب کے ایجنڈے میں بلوچستان کو شامل کرکے ملک کے سب سے بڑے صوبے کے ان دیرینہ زخموں پر مرہم رکھی ہے جو ماضی کی منفی سیاسی حکمت عملی اور نظر انداز کرنے کی پالیسی کے باعث قائم ہوئے ۔
سردار رند نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہم سب کا مشترکہ ویڑن ہے سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کی معاشی و اقتصادی ترقی کا اہم زینہ ہے جسے بحر صورت ہم نے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے اور بلوچستان کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کئے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
سردار یار محمد رند نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی موجودگی میں ہی پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے بغیر کسی مصلحت کے بروقت کرپشن کی نشاندہی کی اور تخت راونڈ کے آشیر باد سے اہم پوسٹوں پر متعین افسر شاہی کے کالے کرتوت آشکار کئے کرپشن بد عنوانی اور میرٹ کے برعکس عمل کی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بلوچستان کے عوام نے نئی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں ان پر پورا اترنے کے لیے پی ٹی آئی کے ہر کارکن کی جدوجہد جاری رہے گی ۔
عمران خان بلوچستان کے ساتھ ماضی کی نا انصافیوں سے بخوبی آگاہ ہیں،یار محمد رند
وقتِ اشاعت : August 20 – 2018