|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2018

 راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ایفی ڈرین کیس میں عمرقید کی سزا پانے والے حنیف عباسی کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی ہے۔

 حنیف عباسی کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی ہے اور انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ حنیف عباسی کو 5 روز قبل جیل میں دل کی تکلیف ہوئی تھی، انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی تھی کہ ان کے دل کی 2 شریانیں بند اور ایک 40 فیصد بلاک ہے۔

ڈاکٹروں کے مشورے پر حنیف عباسی کی انجیوپلاسٹی کی گئی اور اسٹنٹ کے ذریعے دل کی ایک شریان کھول دی گئی ۔ تاہم اسپتال انتظامیہ کے مطابق لیگی رہنما کی طبیعت دوبارہ بگڑ گئی ہے اور انہیں اسپتال کے سی سی یو منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

دوسری جانب حنیف عباسی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی طرف سے حنیف عباسی سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں لیکن پولیس انتظامیہ کی جانب سے  ان کی اہلیہ اور بچوں کو ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی، جیل میں ملنا آسان تھا اسپتال میں بہت مشکل بنادیا گیا ہے۔