|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2018

مستونگ : بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کے اسرار پر ماہر عارضہ قلب ڈاکٹر پرویز محمود نے گزشتہ روز نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال کا دورہ کیا جہاں ہسپتال انتظامیہ نے انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کراتے ہوئے بریفنگ دی ۔

دورے کے موقع پر نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی ، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی، نوابزادہ میر اسماعیل جان رئیسانی، مقبول احمد درانی طاہر شیخ ودیگر بھی موجود تھے ۔ نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے نوابزادہ لشکری رئیسانی کو عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔

دورے کے موقع پر ماہر عارضہ قلب ڈاکٹر پرویز محمود نے ہسپتال میں دل کے امراض کا جدید آپریشن تھیٹر بنانے کی خواہش کا اظہا کیا جسے ہسپتال انتظامیہ اور نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کی جانب سے سراہا گیا ۔

نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال چیف آف سراوان نواب اسلم رئیسانی نے اپنی دور حکومت میں تعمیر کرایا تھا جہاں سے ضلع مستونگ کے علاوہ دیگر قریبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد علاج ومعالجہ کے غرض سے ہسپتال کا رخ کرتے ہیں ۔ امراض قلب کا شعبہ قائم ہونے سے لوگوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی ۔