کراچی: وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے ملک میں بلیو وہیل اور مومو جیسے تمام سوفٹ وئیرز اور سوشل گیمز کے استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خودکشی پر ابھارنے والے گیمز کے خلاف بڑا فیصلہ کرلیا ہے اور ملک بھر میں بلیو وہیل اور مومو جیسے تمام سوفٹ وئیرز اور سوشل گیمز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کراچی میں آئی ٹی اور سافٹ ویئرڈویلپرز ماہرین کے وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیرآئی ٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلیو وہیل اور مومو جیسے سافٹ ویئرز (سوشل گیمز) کی کوئی گنجائش نہیں، اس طرح کے سوفٹ ویئرز نوجوانوں کی تباہی اور دنیا میں موت کا ایک بڑا سبب بنتے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے قانون سازی کریں گے جبکہ ایسے پروگرامز کو بنانا، پھیلانا اور استعمال کرنا سائبر کرائم قرار دے دیا جائے گا اور ایسے افراد کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔