|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2018

 کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی نواب شاہ کی طالبہ کو پروفیسر کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق  انگلش ڈپارٹمنٹ کی طالبہ فرزانہ جمالی کو یونیورسٹی پروفیسر کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزام پر وزیراعلیٰ سندھ نے  سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ سے ایک ہفتے کے اندر تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب طالبہ فرزانہ جمالی کو جنسی طورپر ہراساں کیے جانے کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ارشد سلیم اور لیکچرر عامر خٹک کے خلاف ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

 

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں متاثرہ طالبہ نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نوابشاہ میں انگلش ڈپارٹمنٹ کے فائنل ایئر کی طالبہ ہوں اور مجھے میرے ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ نے جنسی طور پر ہراساں کیا ہے۔