اسلام آباد: مسلم لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے نااہلی کی سزا کے خلاف نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے سپریم کورٹ میں اپنی سزا پر نظر ثانی کی درخواست دائر کردی ہے۔ طلال چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ ان کے خلاف توہین عدالت کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا اور وہ کبھی توہین عدالت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل سماعت کے لئے مقرر کی جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو آرٹیکل 63 (1) جی کے تحت توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاستگی تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالتی فیصلے کے نتیجے میں وہ پانچ سال کے لئے نااہل ہوگئے ہیں۔