لاہور: جلو موڑ کے علاقے میں جی ٹی روڈ مارکیٹ کے دکانداروں نے چوری کے الزام میں 2 خواتین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
لاہور میں جی ٹی روڈ مارکیٹ میں دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑادیں۔ تاجروں نے کپڑے کا تھان چوری کرنے کے الزام میں دو خواتین کو مغوی بنالیا۔ ملزمان نے خواتین کو پولیس کے حوالے کرنے کی بجائے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے ان پر لرزہ خیز تشدد کیا۔
خواتین کو نہ صرف بہیمانہ انداز میں مارا پیٹا گیا بلکہ ان کی سرعام تذلیل بھی کی گئی۔ واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی جس میں ملزمان بے بس اور مجبور خواتین پر ڈنڈوں، لاتوں اور تھپڑوں کا آزادانہ استعمال کررہے ہیں۔
واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کی شناخت چوہدری اعجاز مناواں کے نام سے ہوئی جس نے اپنے ساتھیوں سمیت اس جرم کا ارتکاب کیا۔ چوہدری اعجاز مناواں کا تعلق کبڈی فیڈریشن سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کی جانب سے تاحال ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔