اسلام آباد: ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاکستانی شہری کی شہادت پر بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا گیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے پاکستانی شہری کی شہادت پر بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔
ڈی جی جنوبی ایشیا وسارک ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کےحوالے کیا، مراسلے میں تحریر ہے کہ بھارتی فوج سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہے، صرف رواں برس بھارتی افواج نے کنٹرول لائن اورورکنگ باؤنڈری پر 2 ہزار سے زائد بار خلاف ورزیاں کیں، جس کے نتیجے میں 33 بے گناہ شہری شہیدجب کہ 122 سے زائد زخمی ہوئے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی افواج کی جانب سے آزاد کشمیر کے خنجر سیکٹر پر شہری آباد کو نشانہ بنایا، بھارتی گولہ باری سی جھومر گاؤں کے رہائشی گفتار حسین شہید ہوئے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، بھارتی حکومت اپنی افواج کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پرامن قائم رکھنے کی ہدایت کرے اور 2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے۔