|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2018

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 100 روز کا پلان لانے والے موصوف وزیر اعظم عمران خان اب کہتے ہیں ۔

دو سال لگیں گے تمام معاملات ٹھیک ہونے میں قوم پر وہ لوگ مسلط کردیے گئے جو سابقہ حکمران جماعت کی طرح جھوٹا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنانے میں کوشاں ہیں ان سے پہلے حکمران 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا نعرہ لگاتے رہے اور آج بلوچستان میں میں 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے جس سے زراعت اور کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو بلوچستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ اور 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے والوں کے دور میں کچھی آبادیاں مسمار ہونا شروع ہو گئیں ہیں عمران خان ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔

انھیں اندازہ نہیں کہ غیر تجربہ کار ٹیم پاکستان کو کس دورائے پر لے کر جا سکتی ہے مگر ہماری دعا ہے کہ پاکستان ترقی کرے لیکن موجود حکمران جس طرح کی حکمرانی کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں اس سے نقصان کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 100 روز کا پلان پوری قوم کا دیا اب دو سال کی بات جلد 5 سال اور پھر 5 سال بعد یہ ہی موصوف یہ کہتے پائے جائیں گے کہ ہمیں 5 سال اور دیں۔