|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2018

کوئٹہ : ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کوچ کے خفیہ خانے سے ایجنٹ سمیت24افراد کو گرفتار کرلیا۔

قائم مقام ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان عباس بلوچ نے بتایا کہ پیر کو خفیہ اطلاع ملنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے جواد حسین کی نگرانی میں ایس ایچ او نور احمد نے کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے مسافر کوچ کی چھتء کے خفیہ خانے سے ایران کے راستے غیرقانونی طور روزگار کی تلاش میں یورپی ممالک جانے کی کوشش کرنے والے 29افراد ،ایک ایجنٹ اور2ڈرائیوروں اور 2کنڈیکٹروں کو گرفتار کرلیا ۔ 

عباس بلوچ نے بتایا کہ مسافر کوچ کی چھت کاٹ کر خفیہ خانے قائم کئے گئے تھے جہاںآکسیجن کا کوئی نظام ہی نہیں تھا اور انتہائی مختصر جگہ پر 20افراد کو بٹھا کر تفتان بارڈر تک پہنچایا جاتا تھا گرفتار افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں میں18انسانی سمگلروں سمیت 186 افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ ایران نے گزشتہ سال غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 13ہزار سے زائد پاکستانیوں کو حراست میں لیکرہمارے حوالے کیا۔