اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں اور نواز شریف کی سزا معطلی کے فیصلے کا احترام بھی واجب سمجھتے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کی معطلی کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں، ہم عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں اور پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام بھی واجب سمجھتے ہیں، معاملہ آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ لے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے، اور اپنی سرگرمیاں خود کرتا ہے، حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں، حکومت اور عوام کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، قوم چاہتی ہے کہ لوٹی گئی دولت واپس لائی جانی چاہیے، حکومت اس بنیادی ہدف کا حصول یقینی بنائے گی۔ شریف خاندان کے کردار کے حوالے سے قوم کی نظروں میں کوئی ابہام باقی نہیں، شریف خاندان ابھی بھی ثابت نہیں کرسکا کہ ان کی ملکیت میں اربوں روپے کہاں سے آئے۔