|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2018

گوادر: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہماری نئی نسل گوادر بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل ہے ۔

جب ہم انہیں تعلیم سے آراستہ کرکے ان کی شخصیت اور کردار سازی کریں گے تو سی پیک بھی بنے گا اور گوادر بھی ترقی کرے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ڈی اے ہائر سیکنڈری اسکول کے دورے کے موقع پر طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر مسز زبیدہ جلال، صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران، میر ظہور بلیدی ، میر نصیب اللہ مری، سردار نورمحمد دمڑ، عبدالرؤف رند، اراکین صوبائی اسمبلی سید احسان شاہ، محمد اکبر آسکانی اور میرحمل کلمتی بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو اس حقیقت کو مدنظر رکھنا ہوگا کہ تعلیم کے بغیر ہمارے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

اساتذہ کو بچوں کے لئے رول ماڈل بننا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے طلباء سے کہا کہ پرائمری اسکول مضبوط ستون ہوتا ہے جو بچوں کی بنیاد بناتا ہے اگر بنیاد مضبوط ہوگی تو عمارت بھی مضبوط بنے گی لہٰذا وہ ہر مضمون میں محنت کریں ، کھیلیں کودیں ضرور لیکن تعلیم کے حصول پر توجہ مبذول رکھیں اور اگر کوئی غلطی ہوجائے تو اس سے سبق سیکھیں، انہوں نے کہا کہ اگر اسکول میں کارکردگی اچھی ہوگی تو اچھے کالج اور پھر اچھی یونیورسٹی میں پڑھنے کا موقع ملے گا اور ایک شاندار مستقبل ان کا منتظر ہوگا۔

قبل ازیں ڈی جی جی ڈی اے ڈاکٹر سجاد بلوچ اور اسکول کی پرنسپل نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اسکول کی کارکردگی اور مسائل پر روشنی ڈالی، اس موقع پروزیراعلیٰ نے طلباء کے سائنس سٹال کا معائنہ کیا اور طلباء نے سائنسی تجربہ پیش کیا، وزیراعلیٰ نے اسکول کے طلباء کی کارکردگی کو سراہا۔