کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وسینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ گوادراور ریکوڈک کو سعودیہ عرب کے حوالے کرنے سے متعلق ہر وہ جمہوری اقدام اٹھائیں گے جس کا ہمیں حق ہے نیشنل پارٹی بلوچستان کے حقوق پر سودا بازی نہیں کرینگے اور اگر وفاقی حکومت نے ایسا کوئی اقدام کیا تو ہم سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گوادر اور ریکوڈک کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کر تے ہوئے کیااس موقع پر سینیٹر میر طاہر بزنجو ، سینیٹر میر کبیرمحمد محمد شہی،سینیٹر کہدہ اکرم بلوچ، سینیٹر اشوک کمار نے بھی خطاب کیا ۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ، مولا بخش چا نڈیو اور یوسف با دینی نے بھی نیشنل پارٹی کے اصولی اور آئینی موقف کے ساتھ اظہار یکجہتی کر تے ہوئے شامل ہو گئے ۔
سینیٹ کے قائد ایوان شبلی فراز اور سینیٹر سرفراز بگٹی پہنچے اور انہوں نے نیشنل پارٹی کو یقینی دہانی کرائی کہ آج وزیر خزانہ آپ کے تحفظات کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم مسئلے پر نیشنل پارٹی کو مطمئن کرے گی اگر وفاقی وزیر خزانہ نے مطمئن نہ کیا تو پھر ہم بھی آپ کا ساتھ دیں گے ۔
اس سے قبل نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت ایسا اقدام کی مخالفت کرینگے جو بلوچ عوام کے مفاد کے خلاف ہوں ہم سمجھتے ہیں کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ بلوچستان کے حقوق پر صوبے کے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر دوسروں کے حوالے کیا جائے اس کی ہر گز اجازت نہیں دینگے نیشنل پارٹی بلوچستان کے ایک ایک انچ اور حقوق کا دفاع کرینگے انہوں نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے ایسا اقدام اٹھایا تو ہم سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔
گوادر اور ریکوڈک کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کیخلاف نیشنل پارٹی کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا
وقتِ اشاعت : October 3 – 2018