کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس ریکروٹ جاں بحق ہوگیا۔
ہرنائی اور سکندر آباد سے تین افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے طوغی روڈ پر نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر چوبیس سالہ اظہر حسین کو سر میں گولی مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
مقتول ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا تھا اور حال ہی میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور تیرہ اکتوبر کو انہوں نے جوائننگ دینا تھی۔ مقتول کی لاش سول ہسپتال پہنچائی گئی جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ انہیں ایک گولی کنپٹی پر ماری گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔ ادھر ہرنائی کے پہاڑی علاقے شاہرگ سے ایف سی کو دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
جنہیں سینے میں گولیاں مار کر قتل کیا گیاہے۔ لیویز کا کہنا ہے کہ لاشیں تین سے چار روز پرانی ہیں۔ دونوں افراد کی عمریں چالیس سال کے لگ بھگ ہیں تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہیں۔لاشوں کو شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دریں اثناء ضلع سکندرآباد(سوراب) کے علاقے ڈیم ایریا انجیرہ سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ مقتول کی شناخت محمد اسحاق ولد محمد مینگل کے نام سے ہوئی ہے۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
کوئٹہ فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ، ہرنائی وسوراب سے تین لاشیں برآمد
وقتِ اشاعت : October 12 – 2018